پاکستان بمقابلہ سری لنکا: پاکستان کو وائٹ واش سے بچنے کے لیے 148 رنز درکار

Getty Images حارث سہیل نے نصف سنچری سکور کر کے کریز پر موجود ہیں

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اووروں میں سات وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے ہیں اور پاکستان کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا ہے۔

پاکستان نے چودہ اووروں میں دو وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنائے ہیں۔ حارث سہیل 50 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ کپتان سرفراز احمد چھ رنز بنا کر کھیل رہے ہیں۔ بابر اعظم 27 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کو پہلی گیند پر پہلا نقصان ہوا جب فخر زمان کسون رجیتھا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد حارث سہیل بیٹنگ کے لیے آئے ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

پاکستان نے گیارہ اووروں میں ایک وکٹ کے نقصان پر 71 رنز بنائے ہیں۔ حارث سہیل 42 اور بابر اعظم 24 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں۔

سری لنکا کی جانب سے اوشادا فرنینڈو نے تین چھکو ں اور چار چوکوں کی مدد سے 78 رنز کی شاندار اننگز کھیل اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی ہے۔ فرنینڈو کے علاوہ سری لنکا کا کوئی دوسرا کھلاڑی 13 کے انفرادی سکور سے آگر نہیں بڑھ سکا۔ پاکستان کی جانب محمد عامر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور بابر میدان میں اترے ہیں۔

سری لنکا کی جانب سے دانشکا گوناتیلاکا اور سدیرا سماراوکرما نے اننگز کا آغاز کیا۔

تیسرے اوور کی آخری گیند پر محمد عامر نے دانشکا گوناتیلاکا کو بولڈ کر دیا۔ انھوں نے آٹھ رنز بنائے تھے۔ اس سے اگلے ہی اوور میں عماد وسیم کی گیند پر سدیرا سماراوکرما آٹھ رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

پانچویں اوور میں محمد عامر نے اپنی دوسری وکٹ اس وقت لی جب بھانوکا راجہ پاکسا ان کی گیند پر سکوئر لیگ باؤنڈری پر آصف علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

آٹھویں اوور کی آخری گیند پر اینجلو پریرا رن آؤٹ ہوگئے۔ انھوں نے 13 رنز بنائے تھے۔

تاہم اس کے بعد داسن شاناکا اور اوشادا نے 76 رنز کی اہم شراکت کی اور سری لنکا کی ٹیم کو ایک مستحکم پوزیشن پر لے گئے۔

داسن شاناکا نے 25 گیندوں پر 12 رنز بنائے اور وہ وہاب ریاض کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا سیریز کے پہلے دونوں میچ جیت کر سیریز اپنے نام کر چکا ہے۔

Getty Images

آج کے میچ کے لیے سری لنکا نے پانچ تبدیلیاں کیں ہیں۔ جبکہ پاکستان کی جانب سے تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ احمد شہزاد، عمر اکمل، اور محمد حسنین کی جگہ حارث سہیل، افتخار احمد، اور عثمان شنواری کو شامل کیا گیا ہے۔

پہلے میچ میں ٹی ٹوئنٹی کی رینکنگ میں سرفہرست ٹیم پاکستان اس رینکنگ کی آٹھویں نمبر کی ٹیم سری لنکا سے ہاری تو پاکستان میں بہت تنقید کی گئی۔ پاکستان کے نئے مینیجر مصباح الحق کے دو سینیئر کھلاڑیوں احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ پاکستان کو انتہائی مہنگا پڑا تھا۔ دونوں کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی پر ٹیم میں دوبارہ جگہ دی گئی تھی لیکن دونوں نے ایک مرتبہ پھر کرکٹ شائقین کو مایوس کیا۔

دوسرے میچ میں بھی پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر بری طرح ناکام رہی اور عماد وسیم کے علاوہ کوئی بھی بڑا سکور نہ کر سکا۔ صرف کپتان سرفراز احمد، آصف علی اور احمد شہزاد ہی تھے جو ڈبل فگرز میں گئے جبکہ باقی پوری ٹیم میں کوئی بھی سات سے زیادہ رنز نہیں بنا سکا۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 182 رنز بنائے اور پاکستان کی پوری ٹیم صرف 147 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

source: bbc.com/urdu

TheLogicalNews

Disclaimer: This story is auto-aggregated by a computer program and has not been created or edited by TheLogicalNews. Publisher: BBC Urdu

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *